وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولتوں کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت موبائل فون پر عائد ٹیکس میں کمی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایئرپورٹس پر گرین چینل سسٹم دوبارہ فعال کیا جائے گا تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو آمد پر غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو صرف ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہے، جبکہ 120 دن سے زائد پاکستان میں قیام کرنے کی صورت میں فون کی پی ٹی اے رجسٹریشن اور ٹیکس لازمی ہوتا ہے۔ اس نظام میں بہتری کے لیے بھی اقدامات زیر غور ہیں۔
مزید برآں وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق تنازعات کے فیصلے اب 90 کے بجائے 60 دن میں نمٹائے جائیں گے، جس کے لیے مخصوص عدالتوں کو پابند کیا جائے گا۔