پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں اچانک شدید ژالہ باری اور طوفانِ بادوباراں کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
بدھ کی سہ پہر اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کے علاوہ راولپنڈی میں اچانک شدید ژالہ باری اور طوفانِ بادو باراں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، شدید ژالہ باری کے نتیجے میں درخت اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ان میں ڈنٹ پڑ گئے، گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا، اچانک شدید ژالہ باری سے عوام کا باہر نکلنا محال ہو گیا۔
ژالہ باری اور طوفانِ بادوباراں کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہا، بدھ کو خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پشاور اور مضافاتی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی، کہیں مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 20 اپریل تک یہاں خیبر پختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی تھی، آسمان پر دن بھر کالے بادل چھائے رہے۔