غلط معلومات کا پھیلاؤ قیام امن کی عالمی کوششوں کے لیے بڑا خطرہ ہے، اسحاق ڈار

غلط معلومات کا پھیلاؤ قیام امن کی عالمی کوششوں کے لیے بڑا خطرہ ہے، اسحاق ڈار

پاکستان نے دارلحکومت اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی تیسری امن وزارتی تیاری کانفرنس کی میزبانی کی ہے جس میں اقوام متحدہ کی 157 رکنی خصوصی کمیٹی برائے امن آپریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان اسلام آباد میں 2 روزہ اقوام متحدہ کے امن مشن وزارتی تیاری کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں پاکستان اور کئی دیگر ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام، حکومتی نمائندوں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے مندوبین نے شرکت کی ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں قابل ذکر شرکا میں اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن آپریشنز اور اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ شامل تھے۔ اقوام متحدہ کی 157 رکنی خصوصی کمیٹی برائے امن آپریشنز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے ’عالمی امن کی جانب ایک اہم قدم‘ قرار دیا تاہم ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا ہے کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ قیام امن کی عالمی کوششوں کو ثبوتاژ کر سکتا ہے، انہوں نے پائیدار عالمی امن کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اب تک 2 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ پاکستانی امن دستے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 181 پاکستانی امن فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور عالمی امن کے لیے ان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کشمیر کے حل کے بغیر پائیدار عالمی امن و استحکام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجز کی بھی نشاندہی کی۔ انہوں نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو بین الاقوامی امن کی کوششوں کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *