پاکستان کے تمام بڑے شہروں پشاور، لاہور اور کراچی میں کور انویسٹی گیشن کے افسران اور جوانوں کی بہادری اور قابل ستائش خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں سینیئر فوجی افسران اور ایوارڈ یافتگان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ شہدا کی جانب سے 2 جونیئر کمیشنڈ افسران اور 47 جوانوں کے رشتہ داروں نے تمغہ بسالت وصول کیا۔ 4 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 11 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
لاہور میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ 3 جونیئر کمیشنڈ افسران (جے سی اوز) اور چوبیس جوانوں کو مادر وطن کے لیے عظیم قربانیوں پر تمغہ بسالت (ٹی بی ٹی) سے نوازا گیا۔ اٹھائیس افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 72 افسران کو قوم کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔ شہداء کے رشتہ داروں (این او کے) کو بعد از مرگ ایوارڈ (ٹی بی ٹی) سے نوازا گیا۔
کراچی میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ کور کمانڈر نے 10 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 4 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 16 جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا۔
تینوں تقریبات میں شہداء کو دلی خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قومی دفاع و سلامتی کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو انتہائی احترام کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا گیا۔