اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں مذہبی جماعت کے کارکن داخل ہو گئے اور تھانے میں پتھراؤ سے مرکزی گیٹ اور شیشوں کو نقصان پہنچایا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں مذہبی سیاسی جماعت اور پولیس میں تصادم کے پیشِ نظر ایس ایس پی اپریشنز اسلام آباد پولیس تھانہ شالیمار پہنچ گئے۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون سے مشکوک افراد کی گرفتاری اور تھانے منتقلی پر صورتحال کشیدہ ہو گئی اور گرفتار افراد کے مشتعل ساتھیوں نے تھانہ شالیمار کے گیٹ پر پتھراؤ کیا اور تھانے کے شیشے توڑ دیئے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سیکٹر ایف الیون سے کچھ مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا تاہم شناخت کے دوران گرفتار افراد کے عزیز تھانے پہنچ گئے اور مشتعل افراد نے تھانے کے گیٹ پر پتھراؤ کیا اورشیشے توڑ دیے ۔ پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ کچھ دیر قبل پولیس نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو حراست میں لیا تاہم گرفتار افراد کے ساتھی تھانہ شالیمار پہنچے اور تھانے کے باہر شدید ہنگامہ آرائی کی اور پتھراؤ سے تھانے کے شیشے اور گیٹ کو نقصان پہنچا جس سے سیکیورٹی صورتحال بگڑ گئی۔
تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں لیا اور 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اورملزمان کی شناخت اور قانونی کارروائی کا عمل شروع کر دیا گیا۔