کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت 119 خواتین سمیت 324 بھکاریوں کو گرفتار کرلیا جن میں ان میں سے دو انسانی سمگلر بھی پکڑے گئے۔
ایف آئی اے کے انسانی اسمگلنگ سرکل کے مطابق 2024 میں 204 افراد بیرون ملک بھیک مانگنے کے لیے ملک چھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے ڈیپارچر گیٹس پر پکڑے گئے، اس کےعلاوہ مزید 269 کو اسی وجہ سے دیگر ممالک سے ملک بدر کرنے کے بعد وطن پہنچنے پر حراست میں لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بہت سے افراد سفر کے لیے عمرہ ویزوں کا غلط استعمال کر رہے تھے، جس سے پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا اور انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا۔
ایف آئی اے نے جوابی کارروائی میں ملوث افراد کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے اور پانچ سال کی سفری پابندی کا نفاذ کر دیا ہے۔ ان کے قومی شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔
اب تک 26 مشتبہ ایجنٹوں میں سے صرف دو کو گرفتار کرنے کے باوجود ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ باقی نیٹ ورک کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے زور دے کر کہا کہ یہ مہم نہ صرف غیر قانونی سفر کو روکنے پر مرکوز ہے بلکہ عمرہ شائرین کی آڑ میں معصوم شہریوں کو استحصال سے بچانے پر بھی مرکوز ہے۔