بھارت کے شہر پونے کے ہوائی اڈے پر بھارتی فضائیہ کے ایک طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث رن وے عارضی طور پر بند ہوگیا، جس سے پروازوں کا نظام متاثر ہوا، تاہم حکام کے مطابق تمام عملہ اور مسافر محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان پیش نہیں آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایک جنگی طیارے کی معمول کی رات کی پرواز کے دوران پیش آیا جب دورانِ لینڈنگ تکنیکی خرابی کے باعث طیارہ رن وے پر رک گیا۔ طیارے کے پہیوں کے نظام میں خرابی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم حتمی تکنیکی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔
واقعے کے فوراً بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پونے ایئرپورٹ پر رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ بعد ازاں رن وے کی کلیئرنس اور حفاظتی معائنے مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ آپریشنل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق رن وے کی بحالی اور معمول کی پروازوں کی روانی میں تقریباً 4 سے 6 گھنٹے کا وقت لگا اس دوران ایئر لائنز کو پیشگی اطلاع دے دی گئی اور پروازوں کے شیڈول میں عارضی تبدیلیاں کی گئیں۔
پونے کا ہوائی اڈہ چونکہ شہری اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے اس لیے اس واقعے کے باعث تجارتی پروازوں پر بھی اثر پڑا۔ متعدد پروازیں منسوخ اور کچھ تاخیر کا شکار ہوئیں جن میں انڈیگو ایئر لائنز کی سب سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئیں۔
بھارتی وزیر مملکت برائے ہوا بازی مرلی دھر موہول نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور صورتحال کو جلد معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔
ایئر لائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کریں جبکہ متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں یا ٹکٹ کی رقم واپسی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔