ملک کے مختلف شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا،مزید بادل کہاں کہاں برسیں گے؟

ملک کے مختلف شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا،مزید بادل کہاں کہاں برسیں گے؟

ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم اب بھی گرم اور خشک ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

بارش سے متاثر ہونے والے شہروں میں سرگودھا، شکر گڑھ، لیہ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور دیگر علاقے شامل ہیں تاہم بارش کے دوران بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور چند مقامات پر بارش کا امکان موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ میں گھی ،کراکری، شیمپو،جوتے ،مٹھایاں،مصالحے اور36 گھریلو اشیاء کون سی مہنگی ہوئیں،تفصیلات آگئیں

خیبر پختون خوا کے بیشتر اضلاع میں 20 جون تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے جس سے مختلف علاقوں میں موسم مزید سرد اور خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

ادھر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے تاہم مجموعی طور پر سندھ میں موسم گرم اور خشک ہی رہنے کا امکان ہے۔

 مون سون سے قبل کی یہ بارشیں درجہ حرارت میں وقتی کمی کا باعث بنتی ہیں تاہم مستقل بہتری کا انحصار بارشوں کے تسلسل پر ہوگا۔

editor

Related Articles