بارش آئے گی یا گرمی کا راج رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

بارش آئے گی یا گرمی کا راج رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے (آج) ہفتے کے روز ملک بھر کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی نوید سنائی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔ تاہم پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، بنوں، شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، سوات، دیر، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور پاڑہ چنار سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور 2 کا شوشہ، بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہیں ہو رہی ،بلاول بھٹو

پنجاب کے متعدد اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بارکھان، ژوب اور موسیٰ خیل میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات نے بڑی پیش گوئی کر دی

دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

Related Articles