چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کی عدالتی کانفرنس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ چین جائیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی شنگھائی تعاون تنظیم کی عدالتی کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، کانفرنس 22 سے 26 اپریل کو چین کے شہر ہانگژو میں منعقد کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق وفد میں جسٹس امین الدین، جسٹس شاہد وحید، ضلعی عدلیہ کے 2 ججز بھی شامل ہیں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر ظفر جان، سینیئر سول جج ضلع لکی مروت نادیہ گل وزیر وفد کا حصہ ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان چین کے ساتھ تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے، چیف جسٹس کی ایران اور ترکیہ کے ساتھ 2 طرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی خصوصی دعوت پر ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ ترکیہ کی آئینی عدالت کی 63 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔