سندھ میں نہروں کے مسئلے پر احتجاج کا اصل ہدف پیپلز پارٹی ہے، رانا ثنا اللہ

سندھ میں نہروں کے مسئلے پر احتجاج کا اصل ہدف پیپلز پارٹی ہے، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سندھ کی قوم پرست جماعتوں کا احتجاج نہروں کی تعمیر کے خلاف نہیں بلکہ سیاسی محرکات پر مبنی ہے اور اس کا مقصد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو نشانہ بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل چاہتا ہے، سیاسی برادری کیساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، رانا ثنا اللہ

ایک نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے اور اسے پوری ذمہ داری کے ساتھ بولنا چاہیے۔ پانی کا مسئلہ اتنا حساس ہے کہ اسے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثنا اللہ کا یہ بیان پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے خبردار کیے جانے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر وفاقی حکومت نہروں کے متنازع منصوبے پر تحفظات دور کرنے میں ناکام رہی تو ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت والے حکمران اتحاد سے الگ ہو جائے گی۔

متنازع نہروں کا منصوبہ دونوں بڑی سیاسی پارٹیوں کے درمیان وجہ تنازع بن گیا ہے، جو مرکز میں حکومتی اتحادی ہیں۔ یہ مسئلہ وفاقی حکومت کی جانب سے دریائے سندھ کے پانی کا رخ موڑنے اور چولستان کے صحرا کو سیراب کرنے کے لیے 6 نہریں تعمیر کرنے کے منصوبے سے متعلق ہے جس کی اس کی اہم اتحادی جماعت پیپلز پارٹی اور صوبے کی متعدد قوم پرست جماعتیں مخالفت کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:ریاست کو سابق صدر عارف علوی کیخلاف کارروائی،مراعات واپس لینے کا حق ہے، رانا ثنا اللہ

نجی ٹی وی کے مطابق چولستان کینال سسٹم کی تخمینہ لاگت 211.4 ارب روپے ہے اور منصوبے کے ذریعے ہزاروں ایکڑ بنجر زمین کو زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور 4 لاکھ ایکڑ زمین کو زیر کاشت لایا جا سکتا ہے۔ تقریباً تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، قوم پرست گروہوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے متنازع منصوبے کے خلاف سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت پارٹی نے بار بار اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اس کی کچھ یکطرفہ پالیسیاں وفاق پر ’شدید دباؤ‘ کا باعث بن رہی ہیں۔ ایک روز قبل حیدرآباد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر اپنا متنازع کینال منصوبہ واپس لے ورنہ پیپلز پارٹی آپ (پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے بیانات سے خوفزدہ نہ ہوں، صرف ایک کینال منصوبہ متنازع ہے جبکہ باقی6  منصوبوں کو سیاسی مقاصد کے لیے تنازع کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے گرین پاکستان منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے اسے ملک کے مستقبل کے لیے ضروری قرار دیا اور کہا کہ ترقیاتی اسکیم کا مقصد طویل مدتی قومی فوائد حاصل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہو گا یا نہیں ؟ رانا ثنا اللہ نے واضح کر دیا

رانا ثنا اللہ نے پیپلز پارٹی پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرے، ان کی جماعت آئین اور جمہوری اصولوں پر پختہ یقین رکھتی ہے، اس نے کبھی بھی عوام کے حقوق پر سمجھوتا نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں کرے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *