دنیا بھر میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا نے ریسلنگ میں تاریخ رقم کردی ، ریکارڈ 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ۔
جان سینا رواں برس کسی بھی وقت ریسلنگ کی دنیا کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دینے کا اعلان کرچکے ہیں تاہم اس سے پہلے انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کا ایک ایسا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جو اب تک کوئی اور ریسلر نہیں حاصل کرسکا۔
انہوں نے ریسل مینیا 41 کے دوسری رات کے مین ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کوڈی روڈز کو شکست دی اور ریکارڈ 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے۔
ریسلنگ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے جب ڈبلیو ڈبلیو ای میں کوئی ریسلر 17 ویں بار چیمپئن بنا۔
قبل ازیں رک فلیئر اور جان سینا مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 16 بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے تھے۔
جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے سب سے طویل عرصے تک فیس یا ہیرو جیسی شخصیت رہنے کے بعد ہیل (heel) بن کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
جان 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک مثبت سوچ یا رویے کا مظاہرہ کرنے والے ریسلر کے طورپر سرگرم رہے، مگر ایلیمینیشن چیمبر میچ کے بعد انہوں نے اچانک روڈی کوڈز پر حملہ کیا اور دی راک کے ساتھی بن کر خود کو ڈرامائی انداز سے تبدیل کرلیا۔
اپنے کیرئیر میں آخری بار جان سینا اس طرح کے ولن ریسلر 2003 میں بنے تھے اور 6 نومبر 2003 کو ہیرو کے روپ میں بدلنے کے بعد وہ 7786 دنوں تک مثبت ریسلر کے طور پر مداحوں کے سامنے رہے، اس طرح ان کا نام دوسری بار گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہوگیا۔
ریسل مینیا 41 میں بھی جان سینا کی کامیابی صاف نہیں تھی بلکہ انہوں نے چیمپئن شپ بیلٹ کو استعمال کرکے اسے ممکن بنایا ، کوڈی روڈز ریسل مینیا 40 میں چیمپئن بنے تھے اور ایک سال سے زائد عرصے بعد انہیں چیمپئن شپ سے محروم ہونا پڑاتھا۔