ماہ رنگ بلوچ کی نظر بندی میں ایک ماہ کی توسیع

ماہ رنگ بلوچ کی نظر بندی میں ایک ماہ کی توسیع

بلوچستان میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی چیف آرگنائزرڈاکٹرماہ رنگ بلوچ کی پبلک آرڈر آرڈننس (ایم پی او) کی دفعہ 3 کے تحت حراست میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 22 مارچ کو ماہ رنگ بلوچ اور بی وائی سی کے دیگر کارکنوں کو کوئٹہ سول اسپتال پر مبینہ طور پر ’حملہ‘  کرنے اور ’لوگوں کو تشدد پر اکسانے‘کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے ایک دن بعد ان کے دیگر ارکان کو کوئٹہ میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس کریک ڈاؤن میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

بلوچستان ہائیکورٹ نے 10 اپریل کو ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ اور بی وائی سی کے دیگر کارکنوں کی رہائی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جنہیں ایم پی او کی دفعہ 3 جو حکام کو ’مشتبہ افراد کو گرفتار اور حراست میں رکھنے‘کا اختیار دیتا ہے، کے تحت جیل بھیج دیا گیا تھا۔

ماہ رنگ بلوچ کے وکیل عمران بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں کوئٹہ جیل میں انتظامیہ کے ذریعے ان کی حراست میں توسیع کے بارے میں پتا چلا نہ کہ کسی سرکاری نوٹیفکیشن یا حکم کے ذریعے ان کی حراست میں توسیع کی اطلاع دی گئی۔

انہوں نے  بتایا کہ ماہ رنگ بلوچ کو صرف ایک ماہ کے لیے حراست میں رکھا جانا تھا، جو منگل کو ختم ہو جانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے حراست میں توسیع کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا لیکن ہمیں جیل انتظامیہ کے ذریعے آگاہ کیا گیا جبکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

عمران بلوچ نے مزید کہا کہ ماہ رنگ کی نظر بندی کے بارے میں فیصلہ محکمہ داخلہ کی کمیٹی کو کرنا تھا، لیکن اس نے ان کی نظر بندی میں توسیع کردی۔

عمران بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس بارے میں کوئی باضابطہ خط یا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا ہے، لہٰذا ہم باضابطہ نوٹس کے لیے محکمہ داخلہ کو درخواست جمع کرائیں گے۔ اگر ہمیں نوٹیفکیشن فراہم نہیں کیا گیا تو ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *