پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان کا سلسلہ برقرار ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے ۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی، 300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار 811 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 47 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 18 ہزار 430 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹر بینک میں آج کاروبار کے دوران امریکی ڈالر 13 پیسے سستا ہوا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر 13 پیسے سستا ہو کر 280 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز ملک میں سونے کی قیمت میں 5900 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے ہو گئی تھی۔