ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان اور بیروت کے علاقے ضاحیہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں کی جانے والی فوجی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آپریشن روک دیا گیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان اور ضاحیہ میں صہیونی حکومت کی جانب سے کی گئی جارحیت اور مظالم کے ردعمل میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے لبنان کے عوام کی حمایت میں سخت اور دردناک جواب دیا ، اس کارروائی کا مقصد اسرائیلی اقدامات کا مؤثر جواب دینا اور مستقبل میں ایسے حملوں کی حوصلہ شکنی کرنا تھا۔
خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے دیا گیا جواب ایسا ہے جس سے صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کو سبق سیکھنا چاہیے، ایرانی فوجی قیادت کے مطابق یہ کارروائی لبنان کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فی الحال مسلح افواج نے اپنی کارروائیاں روک دی ہیں، تاہم اگر جنوبی لبنان یا دیگر علاقوں میں جارحیت اور مظالم کا سلسلہ جاری رہا تو ایران اس سے کہیں زیادہ سخت اور تباہ کن اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایرانی فوجی حکام نے خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والی کسی بھی نئی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جبکہ لبنان کے عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔