صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے پہلگام واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلی دفعہ ہم نے چائے پلا کے بھیجا تھا اس دفعہ ہم سے شاید اتنی مروت نہ ہو سکے۔
عظمی بخاری نے بھارتی فالس فلیگ پر ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کسی بھی ملک میں ہونیوالی دہشتگردی کیخلاف اٹھائی ہے۔ پہلگام کے واقعہ کے دوران بھارتی 7 لاکھ فوج وہاں پر تعینات ہے، سری نگر کے شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر یہ واقعہ اتنی سخت سیکورٹی میں کیسے رونما ہوا ہے ؟۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ واقعہ ہے بھارت ہمیشہ اس طرح کے ہتھکنڈے کرتا چلا آیا ہے، اس بار بھی وہ پہلگام واقعے کی آڑ میں اپنی ناکامیاں چھپانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کا الزام پاکستان پر ڈال کر گیدڑ بھبکیاں بھی دی جارہی ہیں ۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم مہمان نواز ہیں اور ہماری چائے ہے تو بہت اچھی لیکن ہم ہر دفعہ نہیں پلایا کرتے، پہلی دفعہ مہمان کو چاہے پلا دیتے ہیں لیکن مہمان زیادہ ہٹ دھرمی پر اتر آئے تو پھر اسے جواب دینا پاکستان کی فوج اور عوام کو بہت اچھے سے آتا ہے ۔
انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر کسی ایڈونچر کا سوچ رہا ہے تو وہ یاد رکھے کہ پاکستان نے اسے ہمیشہ دھول چٹائی ہے لیکن اب کی بار اگر بھارت نے کسی بزدلی کا مظاہرہ کیا تو پچھلی بار کی دفعہ ہم سے اتنی مروت نہ ہو سکے۔