بھارت نے پہلگام واقعے کا بہانہ بناتے ہوئے پاکستان کیساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان کیساتھ سفارتی تعلقات مزید کم کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کیساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا جبکہ اٹاری اور واہگہ بارڈرز بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارت نے پاکستان میں اپنے سفارت کاروں کی تعداد میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے تعداد 55 سے کم کرکے 35 کرنے کا اعلان کیا۔ اس ضمن میں بھارت پاکستان سے اپنے تمام دفاعی اتاشی کو واپس بلائے گا۔
بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارتی حکومت نے پاکستان کے سفارتی عملے کو 7 روز میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت نے تمام پاکستانیوں کے ویزے کینسل کرتے ہوئے 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا اور سارک کے تحت پاکستانیوں کے ویزے بند کر دیے ہیں۔
بھارت نے پاکستان کے نیوی اور ائیرفورس کے اتاشی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان نے بھارتی اقدامات کا خاطر خواہ جواب دینے کیلئے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طرب کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کو موثر جواب دینے کا فیصلہ کیا جائیگا۔