پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے بڑی پیشرفت، وزارت صنعت و پیداوار کا آئی ایف سی سے معاہدہ طے پا گیا۔
پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے وزارتِ صنعت و پیداوار نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس پیشرفت کو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی معاونت حاصل ہے۔
اس معاہدے کے تحت پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پالیسی و ریگولیشن میں ضروری اصلاحات لانے پر کام کیا جائے گا۔
وزارت صنعت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن پر انحصار کم کرنا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں آئی ایف سی جیسے عالمی ادارے کی شمولیت نہ صرف سرمایہ کاری کو فروغ دے گی بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔