پاکستان نے بھارتی ائیرلائنز کیلئے فضائی حدود بند کرنے کا نوٹم جاری کر دیا ہے۔
نوٹم کے مطابق بھارتی ائیرلائنز کیلئے فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا نوٹم 23 مئی کی رات 12 بجے تک موثر ہوگا۔ پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ سول اور ملٹری طیاروں کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی۔ بھارتی ائیر لائنز و آپریٹرز کی ملکیت طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکتے۔ اس کے علاوہ بھارت کے لیز پر لیے گئے طیارے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکتے۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی پروازوں کے یومیہ اخراجات میں لاکھوں ڈالر کا اضافہ ہوگا۔ بھارتی 100 سے زائدپروازیں روزانہ کی بنیاد پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔ ممبئی، احمد آباد، دہلی، امرتسر، گوا اور دیگر شہروں سے آپریٹ ہونیوالی پروازیں پاکستانی فضائی حدودسے گزرتی ہیں۔
پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنیوالی ائیرلائنز میں ائیر انڈیا، اسپائس جیٹ، انڈیگو، ائیرانڈیا ایکسپریس اور آکاسا ائیر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی پروازوں کو 2 گھنٹوں کا اضافی وقت درکارہوگا۔ بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو بھی لاکھوں ڈالر یومیہ کا نقصان ہوگا۔