ہندوستانی حکومت نے پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سیکرٹری آبی وسائل نے پاکستانی ہم منصب کو خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کر رہا ہے، بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے کا اطلاق اطلاق فوری طورپر ہوگا۔
واضح رہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے پانی کو اپنا اہم ترین قومی مفاد قرار دے دیا۔ پاکستان بھارت کی جانب سے پانی روکنے یا پانی کا رخ موڑنے کے اقدام کو جنگ تصور کرے گا، پاکستان بھارت کی جانب سے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دے گا۔
پاکستان نے جوابی ردعمل میں فوری طور پر واہگہ بارڈر بند کر دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام کراس بارڈر ٹرانزٹ 30 اپریل تک پاکستان سے نکل جائیں۔ اس کے علاوہ پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت بھارت سے تمام تجارت بند کر دی ہے۔ انڈین ائیر لائنز اور بھارتی ملکیت کے جہازوں کے لئے پاکستان نے اپنی ائیر سپیس فوری طور پر بند کر دی ہے، پاکستان کا منہ توڑ جواب ہندوستان کی لفاظی گولہ باری نہیں بلکہ عملی اقدامات پر مبنی ہے۔