سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں زبردست کارروائیاں، 67 فتنہ الہندوستان اور الخوارج دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں زبردست کارروائیاں، 67 فتنہ الہندوستان اور الخوارج دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائیاں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 67 شدت پسند ہلاک، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔

ملک دشمن عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے منظم اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 67 فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

سرکاری بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ’آپریشن غضب للحق‘ کے تحت کی گئیں، جن کا مقصد سرحد پار سے ہونے والی دراندازی اور حملوں کو ناکام بنانا تھا۔

حکام کے مطابق رات بھر مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری رہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، بروقت حکمت عملی اور بھرپور جوابی کارروائی کے ذریعے دشمن کے تمام حملے پسپا کر دیے۔

شمالی بلوچستان میں خونریز جھڑپیں

صوبہ بلوچستان کے شمالی اضلاع قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں شدت پسندوں نے 16 مختلف مقامات پر براہِ راست حملوں کی کوشش کی جبکہ 25 مقامات پر فائرنگ اور تخریبی کارروائیاں کی گئیں۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں نے سرحدی پٹی کے قریب سیکیورٹی چوکیوں اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔

جھڑپوں کے دوران 27 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کا ایک بہادر جوان وطن کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ 5 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا میں بھرپور جوابی کارروائی

صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر براہِ راست حملے کی کوشش کی گئی جبکہ 12 مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام حملے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیے گئے اور سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رات بھر جاری رہنے والی تعاقبی کارروائیوں میں فورسز نے 40 افغان طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مختلف علاقوں میں سرچ کارروائیاں جاری ہیں اور مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ہائی الرٹ، کلیئرنس کارروائیاں جاری

اعلامیے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مکمل کلیئرنس اور سرچ کارروائیاں جاری ہیں۔ حساس تنصیبات اور سرحدی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی دراندازی یا تخریبی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *