بھارت اور پاکستان پر اقوام متحدہ نے زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حملے کے بعد زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں ممالک کی حکومتوں سے کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا ہے لیکن وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ صورتحال اور جو پیش رفت ہم نے دیکھی ہے وہ مزید خراب نہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بھی مسئلہ بامعنی باہمی رابطے کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔