حکومت نے طلبا و طالبات کوخوشخبری سناتے ہوئے وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا۔
وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم ملک بھر کے محنتی اور ذہین طلبا کو تعلیمی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اس سلسلے میں اہم اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے طلبا سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا محرومی سے بچا جا سکے۔ لیپ ٹاپ کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 مئی 2025 مقرر کی گئی ہے۔ رانا مشہود نے مزید بتایا کہ یہ رجسٹریشن وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے کی جائے گی، جو کہ ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے۔
اس ویب سائٹ کے ذریعے پاکستان کے تمام پبلک سیکٹر ہائر ایجوکیشن انسٹیٹیوٹس میں زیرِ تعلیم طلبا و طالبات رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔اس اسکیم کا مقصد تعلیمی معیار کو بلند کرنا اور طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کی سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ عالمی معیار کی تعلیم حاصل کر سکیں۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے اور بہت جلد ملک بھر کے طلبا اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔