وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ایسے مکار دشمن کا سامنا ہے جس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، بھارت کی طرف سے خطرہ اب بھی برقرار ہے کیونکہ پہلگام ڈرامہ کسی مقصد کے بغیر نہیں دکھایا گیا۔
نجی ٹی وی میں میزبان کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پہلگام حملے کی ساکھ پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے؟۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی خود ایک دہشت گرد ہے۔
امریکہ اور کینیڈا نے مودی پر دہشت گردی کے ارتکاب کا الزام لگایا اور اس نے تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں بھارت ملوث ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اگر بھارت وزیر اعظم شہباز شریف کی پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش قبول کر لیتا ہے تو یہ اچھی بات ہو گی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ابھی کم نہیں ہوئی ہے ۔