ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے رکن پولٹیکل بیورو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) اور وزیرِ خارجہ، وانگ ای سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں ڈپٹی وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ نے وزیرِ خارجہ وانگ ای کو علاقائی صورتِ حال سے آگاہ کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کیا ، وزیر خارجہ نے چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے پاک چین کی آہنی دوستی اور آل ویڈر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے مشترکہ وژن سے وابستگی کا اعادہ کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم پر زور دیا ، دونوں فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ، باہمی احترام اور تفہیم کو فروغ دینے، اور یکطرفہ پسندی اور بالادستی کی پالیسیوں کی مشترکہ مخالفت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک گفتگو میں تمام سطحوں پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ خطے اور دنیا میں امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔