سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں خارجیوں کے بڑے گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کر کے پاک افغان سرحد پر خارجیوں کی دراندازی کو ناکام بنادیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کاروائی کے نتیجے میں تمام 54 خارجی جہنم واصل ہوگئے۔ ہلاک ہونیوالے خارجیوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ برآمد ہوا۔
انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق یہ گروہ بیرونی آقاؤں کی ایماء پر پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشتگردی کی کاروائی کرنا چاہتا تھا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم اور غیر متزلزل ہیں۔ اس طرح کے فیصلہ کن اقدامات ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے۔ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن سیکیورٹی فورسز کیلئے اہم ہے۔ 25 اور26 اپریل کی درمیانی شب خوارج نے شمالی وزیرستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کو تینوں اطراف سے گھیر کر نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 54 خوارج مارے گئے۔ دہشتگرد پاکستان میں گھس کر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔ دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ایسے ہی ماریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے، فتنہ الخوارج کے اس عمل سے صاف پتہ چلتا ہے کہ یہ کس کی ایماء پر کام کر رہے ہیں۔ خوارج کو بیرونی آقائوں نے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بھیجا تھا۔ سب کو پتہ ہے کہ دہشتگردوں کو کون فنڈنگ کر رہا ہے۔ پاکستان کیخلاف جو بھی سازش کر رہا ہے کسی کو معاف نہیں کریں گے۔ بھارت نے کچھ بھی کیا تو اس کا جواب ضرور دیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خارجیوں نے دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ایسے ہی ماریں گے۔ قومی سلامتی میٹنگ میں یہ بات ہوئی تھی کہ ہماری توجہ ہٹانے کی کوشش کی جائیگی۔ ہم کامیات کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔