پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، عطا تارڑ

پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں پر امن ملک ہے، ہم دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر غیرملکی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 7 لاکھ بھارتی فوج کے ہوتے ہوئے پہلگام واقعے کا ہونا مشکوک ہے، پہلگام سیاحتی مرکز تھا تو وہاں سیکیورٹی کیوں نہیں تعینات کی گئی؟۔ واقعے کے دس منٹ کے اندر ایف آئی آر درج ہوگئی جو کہ ممکن نہیں ہے۔ پہلگام واقعے میں پاکستان کا نقطہ نظر واضح ہے۔ واقعےکے فوری بعد ایف آئی آر ثبوت ہے کہ سازش پہلے سے تیار تھی۔ پاکستان دنیا اور دہشتگردی کے درمیان حائل دیوار ہے۔ پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیارہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کیخلاف جو بھی سازش کر رہا ہے کسی کو معاف نہیں کریں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا بھارت کی بچگانہ حرکت ہے۔ عالمی قوانین کے مطابق بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر ہی نہیں سکتا۔ پاکستان پانی روکنے کی کوشش کو جنگی اقدام تصور کرے گا۔ پہلگام واقعے کی آڑ میں کشمیریوں سے بدترین سلوک کیا جارہا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ بھارت کے علاوہ پوری دنیا نے جعفرایکسپریس حملے کی مذمت کی ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو سہولتکاری فراہم کرتا ہے۔ بھارتی نیوی کا افسر پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث تھا۔ سکھ رہنمائوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد دنیا کے سامنے ہیں۔ بھارت کی دہشتگردی کے ثبوت دیگر ممالک نے بھی دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کیا گیا، ہائی کمیشن پر حملہ کرنا بھارت کا مائنڈ سیٹ بتاتا ہے۔ لندن پولیس نے ہائی کمیشن کے سامنے سے گرفتاریاں کی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *