وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پہلگام ایل او سی سے 2 سو کلو میٹر دور ہے، بھارتی پروپیگنڈے کا بھر پور جواب دیں گے، بھارت نے ہمیں آزمانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب ملے گا، اس بار ٹی فینٹاسٹک نہیں، مار بھی فینٹاسٹک پڑے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ایک ڈھال ہیں ، ہم بیانیے کی جنگ تو جیت رہے ہیں لیکن اگر ان کا کوئی اور موڈ ہوا تو بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ہماری مسلح افواج کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنا بھر پور جانتی ہیں، بھارت کو ماضی میں بھی دھول چٹائی تھی، بھارت کسی بھول میں نہ رہے، ہمیں آزمانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب ملے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم نے بھارتی ایئرلائنز کےلیے ایئر اسپیس بند کردی، جس سے بھارتی ایئرلائن کے ٹکٹ کی کاسٹ بڑھ گئی، بھارت کی معیشت پر ضرب لگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر سے مودی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارت کو سمجھ آگیا کہ انہوں نے جو پروپیگنڈا کیا اس کا جواب مل رہا ہے، ان کو اب شرمندگی ہوگی۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس معاملے پر ہم سب متحد ہیں، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کےلیے کھڑے ہیں، پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے پر بھی غور کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پیغام دیتے ہیں، یہاں بہت اتحاد ہے، ہم بھارت کو بھرپور جواب دیں گے اور مل کردیں گے، ہماری میم گیم بھی بہت اوپر ہے، پاکستانیوں نے میم گیم میں بھی کامیابی حاصل کی ہے، سلام پیش کرتا ہوں۔