بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ کے بعد پاکستان کے ساتھ کشیدہ صورت حال پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 5 سکھ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کے 2 یونٹس نے بوکھلاہٹ میں ایک دوسرے پر فائرنگ کی ہے جس سے 5 سکھ سپاہی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کا واقعہ 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پیش آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جاپالہ بریج، بارامولا سیکٹر میں پیٹرولنگ کے دوران پیش آیا ہے، یہاں 185 بی ایس ایف جو کہ بارہ مولہ میں تعینات ہے، نے 12 بریگیڈ کی 13 سکھ لائٹ انفنٹری رجمنٹ پر اچانک فائرنگ کر دی، جو کہ بھارتی افواج کی بوکھلاہٹ کی جانب واضح اشارہ ہے۔
ذرائع کے مطابق اس واقعہ پر 13 سکھ لائٹ انفینٹری کے سکھ فوجی جوانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں، ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دوسری جانب پاک فوج کنٹرول لائن سمیت بھارت کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر مکمل چوکس اور مستعدی سے کام کر رہی ہے، پاک فوج اپنی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔