پاکستان کے شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان اور اسکردو جانے والی تمام مسافر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، ایوی ایشن اور سیکیورٹی حکام نے پروازوں کی منسوخی کی خاص تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق گلگت، سکردو اور دیگر شمالی علاقوں کے لیے بدھ کو جانے والی تمام پروازیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردی گئی ہیں۔
ایوی ایشن اور سیکیورٹی حکام نے اس حوالے سے کوئی خاص تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں تاہم یہ اقدام بھارت کے ساتھ علاقائی کشیدگی میں اضافے اور حساس فضائی راستوں پر فوجی چوکسی میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ری شیڈولنگ اور اپ ڈیٹس کے لیے ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔ حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور مسافر پروازوں سے متعلق مزید فیصلے سیکیورٹی جائزوں اور صورت حال میں بہتری کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ادھر پاکستان کی جانب سے ہائی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے اور بھارتی حملے کے پیش نظر فضائی حدود کی سخت نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ پاکستان نے قومی سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی فضائی حدود سے گزرنے والی تمام غیر ملکی پروازوں کی سخت نگرانی شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو نگرانی بڑھانے کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، خاص طور پر بھارت سے آنے والی یا گزرنے والی پروازوں کے بارے میں خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بھارت سے آنے والی غیر ملکی پروازوں کی اب سخت نگرانی کی جارہی ہے، کسی بھی مشکوک طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے یا ٹرانزٹ کرنے کی اجازت دینے سے پہلے اعلی ٰ سطحی کلیئرنس کی ضرورت ہو گی۔
ادھر بھارتی رافیل طیاروں نے 29 اور 30 اپریل کی شب مقبوضہ کشمیر کی حدود میں فضائی یپٹرولنگ کی ہے، جس پر پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی سے طیارے واپس بھاگ نکلے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ائیرفورس کے 4 رافیل طیاروں نے بھارتی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ جموں کشمیر میں پیٹرولنگ کی، پاکستان ائیرفورس کے طیاروں نے بھارتی ایئر فورس کے ان جنگی جہازوں کی فوراً نشان دہی کر لی۔
پاکستانی ائیر فورس کی بروقت اورمستعد کارروائی پربھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکارہو کر راہ فرار اختیار کر گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستانی افواج بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیاراورمستعد ہیں۔