بھارت کا پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد جنگی جنون بڑھتا جا رہا ہے، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ عزائم کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی حکام نے پاکستان سے متصل کنٹرول لائن اور سرحدوں پر مزید دیہات خالی کروا لیے، عوام نے غیر منطقی حرکات پر انتہائی غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے جنگی جنون میں آ کر پاکستان پر پہلگام حملے کے بعد بغیرثبوتوں کے الزام اور میڈیا پروپیگنڈا شروع کر دیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن سے متصل دیہات خالی کرانے کا عمل جاری ہے اور بھارت نے مزید دیہات خالی کروا لیے ہیں، بھارتی فوج نے سامبا کٹھوا اور اکھنور سیکٹر میں مزید دیہات خالی کروا دیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اٹاری سیکٹر میں بھی بھارت نے گردوارے سے اعلانات کروا کرعوام کو فصلوں کی کٹائی کے احکامات دیے تھے، بھارت نے اپنی عوام کو حقائق سے بے خبر رکھنے اور ہندوتوا کا زہریلا پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی چیلنز کو بلاک کروا دیا تھا۔
دفاعی ماہرین اور سوشل میڈیا پر یہ بات عام نظر آتی ہے کہ بھارت کے عوام اپنی حکومت کے انتہا پسندانہ روّیے ان کے غیرمنتطقی اقدامات اور حرکات سے انتہائی دلبرداشتہ ہیں، بغیر ثبوتوں کے جنگی جنون کا آغاز کرنا مودی سرکار کی ناکامی کی واضح علامت ہے۔