پاکستان، بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز میں مزید 2 میچ شامل، پی سی بی نے اعلان کر دیا

پاکستان، بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز میں مزید 2 میچ شامل، پی سی بی نے اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم مئی میں 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان نے آخری بار رواں ماہ کے اوائل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی جہاں گرین شرٹس کو ون ڈے انٹرنیشنل سیریز (3-0) اور ٹی20 انٹرنیشنل سیریز (4-1) دونوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اس وقت ملک میں جاری ہے جس کا فائنل 18 مئی کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کا حصہ ہے جس میں ابتدائی طور پر ظ ون ڈے اور 3 ٹی20میچز شامل تھے۔

تاہم آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اگلے سال شیڈول ہے، دونوں بورڈز نے باہمی رضامندی سے ون ڈے کی جگہ 2 اضافی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ 5 ٹی 20 میچز کی سیریز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم نے گزشتہ سال ستمبر میں چیمپئنز ون ڈے کپ اور گزشتہ ماہ نیشنل ٹی 20 کپ کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی تھی اور سیریز کا پہلا اور دوسرا ٹی 20 میچ 25 اور 27 مئی کو کھیلا جائے گا۔

اقبال اسٹیڈیم، جو اس سے قبل 1978 سے 2008 کے درمیان 24 ٹیسٹ اور 16 ایک روزہ میچوں کی میزبانی کر چکا ہے، 17 سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا خیر مقدم کرے گا۔

اس تاریخی مقام کا آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2008 میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ایک روزہ میچ تھا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 3 ٹی 20 میچز 30 مئی، یکم اور 3 جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ پانچوں میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔

بنگلہ دیشی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی اور 22 سے 24 مئی تک اقبال اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔ بنگلہ دیش نے آخری بار گزشتہ سال ستمبر میں 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے میزبان ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر کھیل کے اس فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا وائٹ واش مکمل کیا تھا۔

21 مئی کو بنگلہ دیش ٹیم کی آمد

25 مئی: پہلا ٹی20 میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا

27 مئی: دوسرا ٹی20 میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا

30 مئی: تیسرا ٹی20  میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا

یکم جون: چوتھا ٹی20 میچ قذافی اسٹیڈیم، لاہور (رات 8 بجے)

3 جون: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچواں ٹی20 میچ (رات 8 بجے)

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *