پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ، بھارت نے پاکستان کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دیں۔
بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکومت نے پاکستان کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے تمام پاکستانی پروازوں کیلئے فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔
بھارتی حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق یہ پابندی 30 اپریل سے 23 مئی 2025 تک نافذ العمل رہے گی، جس دوران کوئی بھی پاکستانی طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ اس پابندی کا اطلاق پاکستان کے رجسٹرڈ اور عسکری طیاروں پر ہوگا۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستا ن اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے، چندروز قبل بھارتی اقدامات کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھارتی ائیرلائنز کیلئے پاکستان فضائی حدود بند کر دی گئی تھیں۔اندازے کے مطابق بھارت کو اب تک فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے 120 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔