پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی اور اسی کے پیشِ نظر پاکستانی افواج نے بھارت کیساتھ سرحدی علاقوں میں جنگی مشقیں کی ہیں۔
جنگی مشقوں میں چھوٹے بڑے جدید ہتھیاروں سمیت ٹینکوں، توپ خانہ اور انفنٹری نے حصہ لیا۔ یہ جنگی مشقیں سیالکوٹ، نارووال، ظفروال اور شکر گڑھ سمیت دیگر علاقوں میں کی جا رہی ہیں۔ پاک فوج کے جوان دفاع وطن کے لئے پر عزم ملک کی سلامتی اور دفاع کے لئے پاک فوج کے جوان قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پاک فوج ہمہ وقت چوکس اور فرض شناسی کے جذبے سے ہر وقت سرشارہے۔
جنگی مشقوں میں پاکستان آرمی کے جدید VT-4ٹینکس اور SH-15آرٹلری گنز بھی دیکھی جاسکتی ہیں، جو کہ پاکستان کی عسکری صلاحیت کا لوہا منوارہی ہیں۔
VT-4 ایک جدید ترین مین بیٹل ٹینک ہے، جو نہ صرف دشمن کے کسی بھی جدید ٹینک سے آگے فائرنگ کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اسے گن پاور میں بھی پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔ یہ ٹینک 125 ملی میٹر کی اسموٹھ بور گن سے لیس ہے جو مختلف اقسام کے گولے، بشمول اینٹی ٹینک گائیڈیڈ میزائلز فائر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس میں 12.7 ملی میٹر ہیوی مشین گن کے ساتھ ایک ریموٹ کنٹرولڈ ویپن اسٹیشن بھی موجود ہے۔
اسی طرح SH-15 ایک 155 ملی میٹر / 52 کیلبر کی خودکار ہاؤٹزر توپ ہے، جو روایتی گولہ بارود کے ساتھ 23 کلومیٹر اور راکٹ کی مدد سے 53 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ ایک نیم خودکار لوڈنگ سسٹم سے آراستہ ہے اور ایک منٹ میں 4 سے 6 گولے داغ سکتی ہے۔