پنجاب بھر میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پنجاب بھر میں آئندہ دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ طو فانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 4 مئی تک جاری رہے گا جبکہ موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی گرنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچائو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ تین روز انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف ڈویژنز جن میں راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور بارشوں کی لپیٹ میں رہیں گے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں۔ ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔