پہلگام فکشمالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔اپریل کے مہینے میں نو کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا جبکہ چھتیس مکانات تباہ، 2480 کشمیری گرفتار کیے گئے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق، غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ اپریل میں 9 کشمیریوں کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے تین کو جعلی مقابلوں میں یا دورانِ حراست شہید کیا گیا۔ ان شہادتوں کی وجہ سے ایک خاتون بیوہ اور پانچ بچے یتیم ہو گئے۔
بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس، پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آئی ڈی، این آئی اے اور ایس آئی اے جیسی بدنام زمانہ ایجنسیوں نے کم از کم 2480 شہریوں کو گرفتار کیا جن میں زیادہ تر سیاسی کارکن، نوجوان، تاجر اور طلباء شامل ہیں۔
ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام کے قریب بائسرن کے سیاحتی مقام پر 25 غیر کشمیریوں اور ایک مقامی کشمیری کو فائرنگ کرکے ہلاک اور 15 افراد کو زخمی کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے علاقے میں 36 رہائشی مکانات کو تباہ کیا یا شدید نقصان پہنچایا۔
بھارتی فورسز نے ایک ماہ کے دوران علاقے میں محاصرے، تلاشی اور گھروں پر چھاپوں کی 322 کارروائیاں کیں جن کے دوران یہ ہلاکتیں، گرفتاریاں اور مکانات کی تباہی کی گئی۔