جنوبی امریکہ میں شدید زلزلہ، چلی اور ارجنٹائنا میں ہائی الرٹ، ساحلی علاقوں سے انخلا کا حکم

جنوبی امریکہ میں شدید زلزلہ، چلی اور ارجنٹائنا میں ہائی الرٹ، ساحلی علاقوں سے انخلا کا حکم

جنوبی امریکہ ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز ارجنٹائنا کے شہر اشوائیا سے 219 کلومیٹر دور سمندر میں، ڈریک پیسج کے مقام پر واقع تھا۔ زلزلے کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی، جس کی وجہ سے جھٹکوں کی شدت خاصی تیز محسوس کی گئی۔

زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث حکام نے فوری طور پر سونامی الرٹ جاری کر دیا۔ اگرچہ بعد ازاں سونامی کا الرٹ واپس لے لیا گیا، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔ چلی اور ارجنٹائنا کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار میں ایک بار پھر 5.6 شدت کا زلزلہ

خاص طور پر چلی کے مگلانیس علاقے میں چلی کے صدر گیبریل بورِک نے ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صدر بورِک نے کہاکہ ہم مگلانیس کے تمام ساحلی علاقوں سے فوری انخلا کی اپیل کرتے ہیں۔ یہ وقت محتاط رہنے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کا ہے۔

چلی کے مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کئی علاقوں میں شہریوں کو 30 میٹر بلند مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد چلی کے شہر پورٹو ولیمس میں خاصی بدحواسی دیکھی گئی، جہاں اب تک 1100 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ دفاعی ادارے اور امدادی ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں، جبکہ چلی کا نیشنل ڈیزاسٹر سسٹم پوری طرح فعال ہے۔ صدر بورِک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ریاست کے تمام وسائل شہریوں کی مدد کے لیے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلہ پیما مرکز نے زلزلوں کی مانیٹرنگ کے لیے سیٹلائٹ سسٹم متعارف کرا دیا

تاحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور سائنس دانوں نے آئندہ مزید آفٹر شاکس کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *