پاکستانی ہندو برادری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ہارون سراب دیال نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ فالس فلیگ کے ذریعہ ڈرامہ رچاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریاست پاکستان کے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔
امن کمیٹی مائنورٹی وِنگ کے چیئرمین کشور سونی نے کہا کہ ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے، ہماری فوج اتنی کمزور نہیں کہ منہ توڑ جواب نہ دے سکے، اور پاکستان کے ہندو پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن راجیو ٹھاکر نے کہا کہ ہم پاکستانی امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں، ہم نہ جنگ سے ڈرتے ہیں اور نہ لڑنے سے۔ راج کمار نے بھارت کی الزام تراشی کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کی خاطر جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
سماجی کارکن صُدم چند نے کہا کہ پاکستان کی خاطر اپنے بچے بھی قربان کر دیں گے جبکہ مہندرا کمار نے کہا کہ مودی اپنی ناکامی پر صرف بھڑکیں مار رہا ہے اور ہم جنگ میں اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔