پاکستان پر بے بنیاد الزامات اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج

پاکستان پر بے بنیاد الزامات  اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج

لندن: بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے اور کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں مسلم لیگی کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں عام پاکستانی شہریوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے کہا کہ ہم بھارت کے عوام کے دشمن نہیں، ہمیں ہندوتوا کے نظریے سے اختلاف ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ہر واقعہ کے بعد اس کا الزام پاکستان پر لگانا بھارت کی پرانی عادت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے دہشت گردی کے ایسے واقعات کا سہارا لے کر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔

شرکا نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بغیر ثبوت کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر بھارت سے جواب طلب کریں۔ مظاہرین نے کہا کہ پاکستان نے کھلے دل کے ساتھ غیر جانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ بھارت خود پاکستان میں دہشت گردی کرانے میں ملوث ہے اور اس کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لندن میں انڈین ہائی کمیشن کے باہر مودی سرکار کے خلاف احتجاج

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر بھارت نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو اسے فروری 2019 والی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مظاہرین نے کہا کہ پاکستان کا ہر عام شہری بھی بھارت سے لڑنے کے لیے تیار ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *