پاکستان زندہ باد، لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ، فلک شگاف نعرے

پاکستان زندہ باد، لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ، فلک شگاف نعرے

پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے زیراہتمام لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاکستان کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کے خلاف بھارتی جارحانہ اقدامات کے خلاف کیا گیا تھا ۔

بھارت نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا تاہم اسلام آباد نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

لندن بھارتی ہائی کمشن کے باہر مظاہرین نے پاکستان کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’جنرل عاصم منیر زندہ باد‘، ’پاکستان زندہ باد‘، ’کشمیر پاکستان کا ہے‘ اور ’ہم بھارتی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں‘کے نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوتوا نظریے کی بھی مذمت کی اور سڑکوں پر ’مودی دہشتگرد ہے‘ اور ’ہندوتوا نظریے کو ختم کرو‘ کے نعرے گونج رہے تھے۔

مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑا مظاہرہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اپنے مادر وطن کے لیے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ آج برطانیہ بھر سے پاکستانی بھارتی ہائی کمشن کے باہر جمع ہوئے ہیں اور پاکستان کی سویلین اور فوجی قیادت کی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے کوئی ثبوت پیش کیے بغیر جلد بازی میں پہلگام حملے کے لیے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ یہ واضح ہے کہ یہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔

احسن ڈار نے تارکین وطن برادری کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ ہم نے 25 اپریل کو بڑی تعداد میں بھارتی مظاہرین کا مقابلہ کیا۔ ہمیں خوشی ہے کہ پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے کارکن بھارتی جارحیت کے خلاف ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔ پوری قوم متحد ہے۔

یہ مظاہرہ پرامن رہا لیکن راہگیروں اور مقامی میڈیا کی توجہ اس جانب مبذول ہوئی۔لندن پولیس نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے یہاں موجود رہی، مظاہرین پرامن احتجاج کے بعد بکھر گئے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *