صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ نے ملاقات کی ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے حکومت چین کی جانب سے مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدارتی آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری صورتحال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے بھارتی حکومت کی جانب سے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
چین کے سفیر نے چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور آزمودہ دوستی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں آہنی برادر ملک ہیں جو ہمیشہ کی طرح کسی بھی مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے پر صدر زرداری کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے حصول کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کے حصول کے لیے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرے گا۔
صدر مملکت نے حکومت چین کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا جو ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔