امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کامیابی،فیلڈ مارشل نے تاریخی کردار ادا کیا،محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات اور جنگ بندی کے عمل میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وہ شخصیت تھے جن پر دونوں ممالک سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو مکمل اعتماد حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنی صاف گوئی، دیانت داری اور سچی بات کرنے کی وجہ سے عالمی سطح پر قابلِ اعتماد سمجھے جاتے ہیں، اسی لیے مذاکرات کے دوران امریکا اور ایران نے ان پر بھرپور بھروسہ کیا۔

اسلام آباد میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم سے پورے ملک میں اتحاد ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام جانا چاہیے اور پیغامِ امن کمیٹی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو ضلعی سطح تک مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور اس جدوجہد میں علما کرام کی حمایت نہایت اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور فرقہ واریت سے اجتناب ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قیامِ امن کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے بطور قومی رہنما سفارتی کوششوں کو حتمی شکل دی، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بطور کپتان پورے عمل کی قیادت کی اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر واحد شخصیت تھے جن پر امریکا، ایران اور دیگر اتحادی ممالک یکساں اعتماد کر رہے تھے۔ محسن نقوی کے مطابق مذاکرات کے دوران فیلڈ مارشل نے ہر فریق سے دوٹوک اور بے لاگ انداز میں بات کی یہاں تک کہ جہاں کسی جانب سے غلط مؤقف اختیار کیا گیا وہاں انہوں نے کھل کر اسے غلط قرار دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی یہی صاف گوئی اور سچائی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے کیونکہ تمام فریق جانتے تھے کہ وہ کسی مصلحت یا دباؤ کے بغیر حقائق پر مبنی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اعتماد پاکستان کی سفارتی کامیابی کا بنیادی سبب بنا اور ملک نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔

editor

Related Articles