ویب ڈیسک۔ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر کی اُس تجویز کی مخالفت کر دی ہے جس میں خیبر پختونخوا کو باقی صوبوں سے ملانے والی سڑکیں بلاک کرنے کا کہا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک آڈیو میں سُنا جا سکتا ہے کہ سلمان اکرم راجہ اس تجویز کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا مکمل طور پر خود کفیل نہیں ہے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کو گندم، پٹرول سمیت کئی ضروری اشیاء پنجاب سے فراہم کی جاتی ہیں، اس لیے سڑکیں بلاک کرنے کی صورت میں اس کا اثر باقی ملک کےساتھ ساتھ خیبر پختونخواپر بھی پڑے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی حکمت عملی کے طور پر خیبر پختونخوا کی باقی صوبوں سے ملانے والی سڑکیں بند کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر اور دیگر رہنما اس حوالے سے متعدد بار بیانات دے چکے ہیں۔