سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کاروائیاں کرتے ہوئے آٹھ خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4-5 مئی کو سیکورٹی فورسز کے مختلف آپریشن کے دوران آٹھ خوارج کو ہلاک کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر کاروائی کی جس کے نتیجے میں تین خوارج جہنم واصل ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنوبی وزیرستان میں کیے گئے ایک اور آئی بی او میں، سیکیورٹی فورسز نے دو خوارج کو کامیابی سے ہلاک کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے بہادر فرزند، نائیک مجاہد خان (عمر: 40 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ کوہاٹ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبر اور بنوں کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان دو مزید جھڑپیں ہوئیں۔ جس کے نتیجے میں تین خوارج مارے گئے۔ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ جو علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے صفائی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔