ہم تیار ہیں، پاکستان کے ایکس سروس مین بھی میدان میں آگئے، بھارت کو بڑا پیغام

ہم تیار ہیں، پاکستان کے ایکس سروس مین بھی میدان میں آگئے، بھارت کو بڑا پیغام

پاکستان کے ’ایکس سروس مین‘ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے 20 لاکھ ریٹائرڈ فوجی بھارت کی پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوائی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں، ریٹائرڈ فوجی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کال پر فوری لبیک کہیں گے۔

منگل کو راولپنڈی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ریٹائرڈ فوجی افسران نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات اور کشیدہ صورت حال پیدا کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے 20 لاکھ ریٹائرڈ فوجی افسران بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) جاوید اسلم نے کہا کہ ہم 20 لاکھ سابق فوجی ہیں۔ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی بھی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو اسے ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں بھی پاکستان کے خلاف ایسے ہی جارحانہ اقدامات اٹھائے ہیں اور مرحلہ وار کارروائیاں کی ہیں، لیکن اسے منہ کی کھانا پڑی ہے، یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بھارت ایسا کر رہا ہے، بھارت نے 2019 میں بھی اسی طرح کے آپریشن کی تیاریاں کی تھیں لیکن منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاکستان کی فضائیہ نے ناقابل فراموش سبق سکھایا تھا۔

ایکس سروس مین نے پاکستان کے بھرپور تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے وطن کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ آرمی چیف کی ایک کال پر ہم اپنی قوم کے دفاع کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے۔پاکستان ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بریگیڈیئر (ر) زرین خان نے کہا کہ ہمارا پیغام اقوام متحدہ تک پہنچایا جانا چاہیے کہ بھارت نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر پر جبری قبضے کرنی کی کوشش کی ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے، مسئلہ کشمیر اب حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ تربیت یافتہ ریٹائرڈ فوجی افسران کشمیر میں بھی موجود ہیں، بھارت نے میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اسے اس کا بھرپور اور ناقابل فراموش جواب ملے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *