نئی خصوصیات کا حامل شناختی کارڈ ، نادرا نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی۔
نادرا نے عوامی سہولت کے پیش نظر بغیر چپ شناختی کارڈز کے لیے نظرثانی شدہ فیس اسٹرکچر اور جدید ڈیجیٹل فیچرز کا اعلان کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد اُن شہریوں کو فائدہ پہنچانا ہے جو کسی وجہ سے اسمارٹ کارڈ حاصل نہیں کر پائے لیکن اب وہ بھی جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
نادرا کے مطابق بغیر چپ والے قومی شناختی کارڈ رکھنے والے افراد اب اسی زمرے کے اندر اپنے کارڈز کی تجدید، ترمیم یا دوبارہ اجرا کی درخواست دے سکتے ہیں۔
اس سے قبل شہریوں کو جدید خدمات جیسے ڈیجیٹل شناخت یا موبائل ایپ کے ذریعے تصدیق کے لیے چپ والے اسمارٹ کارڈ کی طرف منتقل ہونا پڑتا تھا، جو اب ضروری نہیں رہا۔
نئی تبدیلیوں کے تحت، نان چپ شناختی کارڈز میں کئی اہم خصوصیات شامل کی گئی ہیں، ان کارڈز میں اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بھی معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ بین الاقوامی اور سرکاری سطح پر ان کی افادیت میں اضافہ ہو۔
اس کے علاوہ ہر کارڈ میں ایک رنگین تصویر شامل کی جائے گی، جس سے فرد کی شناخت مزید واضح اور قابلِ اعتماد ہو جائے گی۔ نادرا نے ان کارڈز میں ایک کیو آر کوڈ شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس کی مدد سے شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپنے شناختی کارڈ کا ڈیجیٹل ورژن حاصل کر سکیں گے۔
اس فیچر سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ شناختی عمل بھی مزید آسان اور محفوظ ہو جائے گا۔ ان کارڈز پر اعضاء کے عطیہ دہندگان اور معذور افراد کے لیے مخصوص نشانات شامل کیے جائیں گے۔ یہ نشان ہنگامی صورت حال میں ان کی شناخت اور فوری معاونت میں مدد دیں گے۔
لاکھوں پاکستانی جو مالی یا تکنیکی وجوہات کے باعث اسمارٹ کارڈ حاصل نہیں کر سکے، اب ان نئی سہولیات سے مستفید سکیں گے، جو ایک بڑے قومی ڈیجیٹل انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔