کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے اطراف لیزر لائٹس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے دفعہ 144 کے تحت پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق تمام ہوائی اڈوں کے اردگرد لیز ر لائٹس کی فروخت اور استعمال دو ماہ کے لیے بند کیا گیا ہے۔
لیزر لا ئٹس سے جہازوں کی پرواز اور لینڈنگ کے دوران خطرات لاحق ہوتے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق لیزر بیم سے پائلٹس کی بینائی متاثر ہوسکتی ہے جس سے ہوائی حادثات کا خدشہ ہے۔
پابندی کا اطلاق آج 6 مئی سے 5 جولائی 2025 تک رہے گا، متعلقہ تھانوں کو خلاف ورزی کی رپورٹ پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔