بھارت کا پاکستان کے 6 مقامات پر میزائلوں سے حملہ، 2 شہری شہید، 12 زخمی

بھارت کا پاکستان کے 6 مقامات پر میزائلوں سے حملہ، 2 شہری شہید، 12 زخمی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے آزاد جموں کشمیر میں کوٹلی اور مظفر آباد اور ضلع بہاولپور میں احمد پور شرقی سمیت تین مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی بلا اشتعال حملوں کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا جارہا ہے اور مزید معلومات جلد شیئر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی حملوں کا جواب اپنی مرضی کے وقت اور بروقت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ الرٹ ہے اس لیے بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی نہیں کرسکتے۔ ادھر بھارت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں 9 مقامات پر حملے کیے گئے ہیں.

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے. بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کردیا ہے، بھارتی مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں معصوم اور بے گناہ شہریوں پر میزائل داغے ہیں اور بے بنیاد اور گھٹیا الزام عائد کیا ہے کہ یہاں دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے ‘آپریشن سندور’ کا آغاز کیا ہے۔

پروپیگنڈے میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے اہداف کے انتخاب اور عملدرآمد کے طریقہ کار میں کافی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

قبل ازیں ابتدائی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ احمد پور شرقیہ میں چار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مظفر آباد میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ احمد پور شرقیہ میں جامع مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک بچہ شہید اور ایک خاتون اور ایک مرد زخمی ہوئے۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان بھارت کے ساتھ جھڑپ کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔

22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔ بھارت نے بغیر کسی تحقیقات یا شواہد کے الزام پاکستان پر عائد کر دیا تھا۔ پاکستان نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے بعد سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ، پاکستان نے اپنی افواج کو مضبوط کیا ہے کیونکہ اسے دراندازی کی توقع تھی اور ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپنی فوج کو “آپریشنل آزادی” دے دی تھی۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جاے گا، ابھی تک جو نقصان کا تخمینہ سامنے آیا ہے اس کے مطابق صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ تصویروں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کے صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا۔

بھارت نے رات کے اندھیرے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق پانچ مقامات پر کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے پر حملہ کیا۔

قبل ازیں وادی لیپہ کے اگلے مورچوں کے بعد بھارت نے کوٹلی شہر پر فائرنگ کردی ہے جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔   دشمن بھارت کی جانب سے وادی لیپہ کے اگلے سیکٹرز پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی ہے جس کا پاک فوج کی طرف سے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔

وادی لیپہ کے بعد کوٹلی شہر پر بھارت کی جانب سے فائرنگ کی اطلاعات ہیں جس کا پاک فوج کی طرف سے منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پہلگام واقعہ کو بہانہ بنا کر دشمن بھارت کئی بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرچکا ہے لیکن پاک فوج کی جانب سے ہر بار دشمن کو دندان شکن جواب دیا گیا ہے۔

پاک فوج نے گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی چوکی بھی تباہ کی تھی ۔ افواج پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وققت تیارہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *