پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کی شہری آبادی پر بزدلانہ فضائی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بھارتی ناظم الاُمور کو طلب کر کے بھارت کی پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بلااشتعال فضائی فضائی حملوں پر بھرپور احتجاج کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ان بھارتی فضائی حملوں کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت بہت سے سویلینز شہید ہوئے ہیں۔ بھارتی ناظم الاُمور کا بتایا گیا ہے کہ یہ پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور دوملکوں کے درمیان تعلقات کے ضِمن میں مسلّمہ روایات کی خلاف ورزی ہیں۔
بھارت کو خبردار کیا گیا کہ اس طرح کا غیر ذمے دارانہ روّیہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔