پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں بارے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، لاہور، نارووال، راولاکوٹ، سیالکوٹ، قصور، گوجرانوالہ اور کوٹلی میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہاکہ بارشوں کا یہ سلسلہ 11 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی لہر بالائی اوروسطی علاقوں کومتاثر کرے گی، ملک کے وسطی، جنوبی حصوں میں بارش برسانے والی ہوائیں چلنے کی توقع ہے،آج سے 11 مئی کے دوران راولپنڈی اسلام آباد، مری، گلیات میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور، سرگودھا، جہلم، اٹک، گجرات سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آج سے بارہ مئی تک چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان اور سندھ کے کئی شہروں میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے، شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی ہوئی تاروں سے دور رہیں اور آسمانی بجلی کے خطرے کے پیشِ نظر کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں بلکہ محفوظ مقامات پر ہی رکیں۔